ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / مالیگاؤں دھماکہ کیس: کرنل پروہت کی ضمانت عرضی پر 17اگست کو سماعت

مالیگاؤں دھماکہ کیس: کرنل پروہت کی ضمانت عرضی پر 17اگست کو سماعت

Mon, 14 Aug 2017 19:45:50    S.O. News Service

نئی دہلی:14/اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ مالیگاؤں دھماکے کیس کے ملزم لیفٹیننٹ کرنل پروہت کی ضمانت عرضی پر 17 اگست کو سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ اسی دن اس معاملے میں پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ممبئی ہائی کورٹ سے ملی ضمانت منسوخ کروانے کی عرضی پر بھی سماعت کرے گا۔آج این آئی اے نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب داخل کرتے ہوئے پروہت کی ضمانت عرضی کی مخالفت کی۔ این آئی اے نے کہا کہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کا معاملہ پروہت سے مختلف ہے، پروہت کے خلاف کئی ثبوت جمع کئے گئے ہیں۔گزشتہ 28 جولائی کو پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ضمانت دینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے پرگیہ سنگھ ٹھاکر، این آئی اے اور مہاراشٹر حکومت کو نوٹس جاری کیا تھا۔ درخواست گزار نثار نے پرگیہ سنگھ ٹھاکر پر سنگین الزام رہنے کے باوجود صحت کی وجوہات کی وجہ سے ضمانت دینے کی مخالفت کی ہے۔کرنل پروہت نے مالیگاؤں دھماکے کے شریک ملزم سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ملی ضمانت کی بنیاد پر اپنی بھی ضمانت کا مطالبہ کیا ہے۔ممبئی ہائی کورٹ نے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ضمانت دی تھی لیکن کرنل پروہت کو ضمانت نہیں دی تھی۔

مالیگاؤں میں 29 ستمبر 2008 میں دھماکہ ہوا تھا۔ اس میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 80 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کی تحقیقات مہاراشٹر پولیس کی اے ٹی ایس نے کی تھی۔ اس کے بعد یہ معاملہ تحقیقات کے لئے این آئی اے کے حوالے کر دیا گیا تھا۔پرگیہ ٹھاکر کی گرفتاری بھی اے ٹی ایس نے کی تھی۔ پرگیہ ٹھاکر تقریبا نو سال سے جیل میں تھی۔ پرگیہ ٹھاکر پر مبینہ طور پر دھماکے کامنصوبہ کرنے اور دھماکے کے لئے استعمال کی گئی موٹر سائیکل فراہم کرنے کا الزام ہے۔


Share: